اسلام آباد : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تمام کمپنیوں کے لیے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔
اس حوالے سے ایس ای سی پی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری تمام کمپنیوں کیلئے جاری کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ حالیہ جیو پولیٹیکل صورتحال کے نتیجے میں سائبر حملوں کے خطرات ہیں،
کمپنیاں سائبر سیکیورٹی کے بہترین طریقہ کار اختیار کریں۔
ایس ای سی پی کے اعلامیہ کے مطابق کمپنیاں اچھے حفاظتی طریقوں پر عمل نہیں کرینگی تو ان کا کام متاثر ہوسکتا ہے، سائبر حملوں سے کمپنیوں کا ڈیٹا ضائع اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایڈوائزری نے کہا ہے کہ ویب سائٹ تک رسائی پر سخت کنٹرول رکھنا ضروری ہے، نیٹ ورک کی کمزوریاں کم کرنا ضروری ہیں۔
ایس ای سی پی کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی حملوں سے نمٹنے کی تیاری کرنا، صارفین میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے، کمپنیاں اپنا ڈیٹا، نیٹ ورک کی سالمیت کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کریں۔