ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

میں نے بڑے بھائی کو گردہ دیا تھا، آج ڈاکوؤں نے اسے مار ڈالا، بھائی کی دُہائی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : لانڈھی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول چھوٹے بھائی کے عطیہ کیے گئے گردے پر زندگی گزار رہا تھا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مقتول کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ فہد 2 بچوں کا باپ اور شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں کمپریسر بنانے کا کام کرتا تھا۔

اہل خانہ کے مطابق علاقے میں اس وقت بجلی نہیں تھی جس کا فائدہ اٹھا کر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی۔

مقتول شاہ فہد کے بھائی نے بتایا کہ میں نے بڑے بھائی فہد کو ایک گردہ دیا تھا آج ڈاکوؤں نے اس کی بھی جان لے لی۔

علاوہ ازیں لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد کراچی میں رواں برس کے ساڑھے چار ماہ میں اب تک 40 شہری ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کراچی : 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ہی لانڈھی میں ڈاکوؤں نے ایک معصوم کی جان لی تھی جبکہ فائرنگ سے اس کی خالہ بھی زخمی ہوگئی، 10 سالہ امین دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

لانڈھی 89 میں ڈکیتوں نے نوجوان سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے گلی میں موجود 10 سالہ امین گردن پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں نوجوان کی خالہ ناصرہ بی بی بھی زخمی ہوئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اہم ترین

سلمان لودھی
سلمان لودھی
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔

مزید خبریں