بڑھتی عمر کے ساتھ ہونے والے سفید بالوں سے ابتداء میں انسان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ماہرین نے خواتین کا یہ مسئلہ باآسانی حل کردیا ہے۔
بعض اوقات سفید بال وقت سے پہلے ہی آنا شروع ہوجاتے ہیں جو بظاہر پریشانی کی بات نہیں کیونکہ اس کا آسان علاج اور ٹوٹکے موجود ہیں جس پر لوگ عمل بھی کرتے ہیں۔
اکثر لوگ یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ سر پر ہونے والی چاندی (سفید بالوں) کو چھپانے کا بہترین اور قدرتی حل کیا ہے؟ کیونکہ یہ لوگ کیمیائی رنگوں کے استعمال سے اجتناب کرتے ہیں اور کرنا بھی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی بالوں کو رنگت دینے والے میلینین مادے کی کمی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے، وٹامن بی 12 کی کمی بھی کافی حد تک اثر انداز ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ آلودہ ماحول اور ہارمونل عدم توازن سفید بالوں کے جلد نمودار ہونے کا سبب بنتے ہیں، بعض غذاؤں کا استعمال میلاٹونین کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان میں سب سے نمایاں کیلے، بادام، سویابین، مشروم، مسور، پھلیاں، کھجور، انڈے اور مچھلی ہیں۔
زیر نظر مضمون میں ماہرین نے خاص طور پر خواتین کے سفید بالوں سے چھٹکارا پانے کے بہترین قدرتی طریقے بیان کیے گئے ہیں۔
کافی، لونگ اور دار چینی
کافی، دار چینی اور لونگ کا ماسک بالوں کو قدرتی رنگت فراہم کرتا ہے جو بالوں کو ان کی چمکدار بھوری رنگت واپس دلاتا ہے۔ اس ماسک کو تیار کرنے کے لیے صرف دو دار چینی کی چھڑیاں اور دو چھوٹے چمچ لونگ ایک کپ پانی میں شامل کریں اور مکسچر کو ابالنے کے لیے آگ پر رکھیں۔
پھر اسے چھاننے اور ٹھنڈا ہونے سے پہلے اس میں ایک چھوٹا چمچ کافی پاؤڈر شامل کردیں۔ اس کے بعد اس میں ایک بڑا چمچ کارن اسٹارچ شامل کریں اور گاڑھا پیسٹ بننے تک ہلائیں۔
دوبارہ ہلکی آنچ پر مسلسل ہلاتے ہوئے ایک منٹ تک گرم کریں اور پھر آگ سے ہٹا کر ٹھنڈا ہونے دیں۔ اس ماسک کو صاف اور خشک بالوں پر 30 منٹ تک لگائیں اور پھر صاف پانی سے دھو کر خشک کر لیں۔ آپ دیکھیں گے کہ سفید بال غائب ہوگئے ہیں۔
یہ ماسک لونگ میں موجود آئرن، سیلینیم، زنک اور وٹامن اے اور سی کی بدولت بالوں کو مضبوط بناتا ہے اور انہیں زیادہ چمکدار بناتا ہے۔
دار چینی بالوں کو کیریمل رنگت دیتی ہے اور بالوں کی نشوونما کو تیز کرتی ہے کیونکہ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے اور اس میں محرک خصوصیات ہیں۔
کافی میں موجود کیفین بالوں کو مضبوط بناتی ہے اور ان کا گرنا روکتی ہے۔ کافی کو اکیلے بھی بالوں پر ماسک کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بلیک ٹی
بالکل کافی کی طرح کالی چائے یا بلیک ٹی بھی اپنی ساخت میں موجود بھوری رنگت کی بدولت سفید بالوں کو رنگ دے سکتی ہے۔
اس کیلیے دو کپ پانی کو اچھی طرح گرم کریں اور دو پیکٹ کالی چائے پانی میں شامل کریں، پھر اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے ایک طرف رکھ دیں اور اس مکسچر کو شیمپو سے بال دھونے اور صابن ہٹانے کے بعد بالوں کو دھونے کے لیے استعمال کریں۔
چقندر کا جوس
چقندر کا جوس پوٹاشیم، کیلشیم اور بی اور سی وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے، بالوں کو رنگنے والی اس کی خصوصیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے بس 3 یا 4 چقندر کو چھیل کر ایک برتن میں پانی بھر کر ایک گھنٹے تک آگ پر پکائیں۔
اس کے بعد برتن کو آگ سے ہٹا کر ٹھنڈا ہونے دیں پھر اس کا پانی چھان لیں اور اس میں دو چمچ ناریل کا تیل شامل کر لیں۔ اس مکسچر کو بالوں کی جڑوں اور لمبائی پر لگائیں۔
پلاسٹک کی ٹوپی سے بالوں کو ڈھانپ کر 20 سے 60 منٹ تک لگا رہنے دیں پھر اسے پانی سے دھو لیں۔ اس کے بعد آپ دیکھیں گے کہ بال گہری رنگت میں رنگ گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔