شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے فضائیہ کی غیر معمولی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور فوج کو جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق سرکاری میڈیا نے بتایا کہ کم جونگ اُن نے جمعرات کو شمالی کوریا کے فرست ایئر ڈویژن کی طرف سے طیارہ شکن جنگی اور فضائی حملے کی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور فوج کے تمام یونٹوں کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
سرکاری میڈیا پر شائع مشقوں کی فوٹیج میں ایک MiG-29 جیٹ کو میزائل داغتے ہوئے دکھایا گیا جو بظاہر روس کے تیار کردہ درمیانی تا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا شمالی کوریائی ورژن لگتا ہے۔
رواں ماں کم جونگ اُن نے میزائل ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا، ٹینک اور جنگی سازو سامان کے پلانٹس کا معائنہ کیا، ملک میں روسی سفارتخانے کا غیر معمولی دورہ کیا اور ٹینک فائرنگ کی مشقوں اور خصوصی آپریشنز یونٹ کی تربیت کی نگرانی کی۔
یہ بھی پڑھیں: گرفتار ہونے سے پہلے خود کو قتل کردیں! صدر کم جونگ ان کا اپنی فوج کو حکم
شمالی کوریا نے امریکی محکمہ خارجہ کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو امریکی انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں مکمل تعاون نہیں کرتے۔
جنوبی کوریا کی یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کو 1997 سے ہر سال اس فہرست میں رکھا جاتا ہے۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا جتنا زیادہ ملک کو غیر ضروری اور بدنیتی پر مبنی کارروائیوں سے اکسائے گا اتنا ہی ہمارے اور امریکا کے درمیان ناقابل مصالحت دشمنی بڑھے گی۔