بھارتی تاجروں نے پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکیہ اور آذربائیجان کیساتھ مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت دشمنی میں اندھا ہوگیا، بھارتی ٹریڈ ایسوسی ایشن نے ترک مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان کیساتھ تجارت مکمل بند کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز کا اجلاس ہوا جس میں، آل انڈیا ٹریڈرز کے صدر نے کہا کہ تاجر برادری نے دونوں ممالک کے خلاف سخت ناراضگی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو "دشمنی” قرار دیا ہے۔
بھارتی تاجروں کے اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں میں ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ تمام تجارت بند کرنے اعلان کیا گیا، بھارت اب جیولری، کپڑے، ماربل، کھانے پینے کی اشیا سمیت دیگر سامان کی تجارت نہیں کریگا۔
پاکستان کی حمایت کرنے پر اجلاس میں تاجروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ترکیہ اور آذربائیجان سے بھارت کسی بھی قسم کا اقتصادی تعاون یا تجارت نہیں چاہتا ہے۔
اس کے علاوہ نئی دہلی کی مختلف تاجروں نے بھی ترک جامعات کیساتھ تعاون کے معاہدے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ گزشتہ روز بھارتی ائیرپورٹس پر کام کرنے والی ترک کمپنی کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کردئیے تھے۔