کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے 9 سے 16 مئی 2025 تک کی پیشرفت رپورٹ پیش کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ہیلمٹ نہ ہونے اور قوانین کی خلاف ورزی پر 43 ہزار 852 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں، فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں پر 3951 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر 685 ہیوی اور لائٹ گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا۔
رپورٹ میں ٹریفک پولیس نے 25 گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر رجسٹریشن جبکہ 663 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخ کرنے کی سفارش کی۔ ان کو بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 22 چالان درج کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے والا 10 سالہ بچہ گرفتار
مراد علی شاہ کو چنگچی اور موٹرسائیکل رکشہ چلانے والوں کی بے ضابطگیوں اور ان کے خلاف 16 اپریل سے 16 مئی تک کارروائیوں پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں 11 ماڈل سڑکوں پر چنگچی و موٹر سائیکل رکشہ چلانے پر پابندی عائد ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ 194 ایف آئی آرز درج کیں، 434 چنگچی اور موٹرسائیکل رکشوں کو تحویل میں لیا، 434 ڈرائیورز کو گرفتار کیا، بغیر رجسٹریشن 25 چنگچی اور موٹرسائیکل رکشہ ضبط کیے گئے، غیر قانونی طور پر ایل پی جی اور سی این جی لگانے پر 377 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، ٹریفک قوانین کی پاسداری آپ کی جان کا تحفظ ہے، شہری ٹریفک قوانین کا احترام کریں اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ ٍبنائیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے استعمال کرنے سے گریز کریں، ہیوی ٹریفک کیلیے رفتار کی حد 30 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، بغیر فٹنس اور رجسٹریشن گاڑیاں سڑک پر لانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔