کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور آج صبح سے شدید گرمی کا احساس ہورہا ہے شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری تک پہنچ گیا لیکن گرمی کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جبکہ کراچی میں بھی ہیٹ ویو کی صورت برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ رہا لیکن گرمی کی شدت 44 سے 45 سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے، جنوب مغربی سمت سے 11کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
اس کے علاوہ آج سبی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا جب کہ تربت میں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا لیکن گرمی کی شدت 49 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔