لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی ہے۔
شہباز شریف نے پارٹی قائد کو ملکی سیاسی، معاشی اور دفاعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
یہ پڑھیں: مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم سے وطن کا دفاع کیا، نواز شریف
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔
سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔