پیر, مئی 19, 2025
اشتہار

بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی ہمت نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ بھارت پاکستان کا پانی روکنےکی ہمت نہیں کر سکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز کو آپریشن معرکہ حق سے متعلق تفصیلی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پانی کے معاملہ پر بھارت کو واضح کر چکی۔ فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روکنےکا کوئی پاگل ہی سوچ سکتا ہے اور بھارت ایسا کرنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی پاکستان کا پانی روکنے کی جرات نہ کرے۔ امید کرتے ہیں کہ ایسا وقت نہ آئے، لیکن آیا تو دنیا اقدامات دیکھے گی۔ بھارت نے اگر پاکستان کا پانی روکا تو دہائیوں تک اس کے نتائج محسوس کیے جائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے پاک فوج پروفیشنل آرمی ہے اور حکومتی اقدامات کے پابند ہیں۔ ہمارا پیغام واضح ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن بھارت کی طرف سے کوئی خلاف ورزی ہوئی تو ہمارا جواب تیار ہے۔ جارحیت کے خلاف ہمارا ردعمل فوری اور فیصلہ کن ہوگا۔ تاہم ہم کبھی بھی سویلینز اور ان کی آبادی کو نشانہ نہیں بناتے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر پورا تنازع کھڑا کیا اور پہلگام واقعہ پر کوئی ثبوت نہیں دیا۔ بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر جارحیت کرتے ہوئے معصوم شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا۔ بھارتی میڈیا پر معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت پر جشن منایا جا رہا تھا۔ کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ معصوم بچوں کے قتل پر اپنی سینہ ٹھوک کر فخر کیا جائے۔ بھارت میں اب جو کچھ ہورہاہے یہ نیا ہے دنیا کو دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں چلا کر سمجھ رہا تھا کہ دنیا بےوقوف ہے اور آج تک وہ اپنے جھوٹ کے پیچھے ہی چھپ رہی ہے۔ اس نے خود ہی اپنے ان علاقوں پر میزائل فائر کیے جہاں سکھ آبادی رہتی ہے۔ بھارت نے بے انتہا پروپیگنڈا کر کے اپنے لوگوں کو گمراہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر پاکستان نے محدود پیمانے پر بھارت کو جواب دیا، جس کے بعد بھارت جارحیت سے رکنے پر مجبور ہوا۔ میں تصدیق کرتا ہوں کہ بھارت کے 6 طیارے گرائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی میراج طیارہ بھی گرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جس طرح جواب دیا، یہ ہماری صلاحیت کا صرف ایک حصہ ہے۔ پاکستان نے اپنی کچھ ٹیکنالوجی اور محدود کارروائی سے اپنی صلاحیت دکھا دی۔ دنیا جان چکی ہے کہ ہم اپنی خودمختاری کا دفاع کر سکتے ہیں۔ کوئی شک میں نہ رہے ہم ہمیشہ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر بھارت نے اس پورے تنازع میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ بھارت نے کہا کہ جن ممالک نے پاکستان کو اسلحہ فراہم کیا، اس کا بائیکاٹ کریں گے۔ بھارت کے پاس بھی روس اور فرانس کے جدید ہتھیار تھے۔ اس کے پاس بھی بہترین سسٹم اور اسلحہ ہے لیکن اہم یہ ہے کہ اس کو استعمال کون اور کیسے کر رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں