بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں تاریخی چار مینار کے قریب رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں ایک رہائشی عمارت میں اتوار کی صبح پیش آیا۔ 7 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوئے جب کہ 10 افراد کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 2 بچے اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔ جب کہ متعدد افراد جھلسنے سے زخمی یا دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے۔ انہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، وزیراعظم مودی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا پرانے حیدرآباد شہر کے علاقے میلار دیوپلی میں تین منزلہ ایک اور رہائشی عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ تاہم عمارت کے مکین خطرہ محسوس کرتے ہوئے چھت پر چلے گئے اور سب کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ تاہم ایک ہی دن دو عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔