واشنگٹن: سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو ’شدید‘ پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن نے گزشتہ ہفتے کچھ پیچیدگیوں کے باعث میڈیکل ٹیسٹ کروائے تھے، جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان میں پروسٹیٹ کینسر کی تصدیق کر دی ہے۔
بائیڈن آفس کے مطابق سابق صدر اور ان کے اہل خانہ معالجین کے ساتھ مل کر علاج کے آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 82 سالہ سابق صدر کا پروسٹیٹ کینسر ہڈیوں تک پھیل گیا ہے۔
جو بائیڈن، جنھوں نے جنوری میں دفتر چھوڑا تھا، کو گزشتہ جمعہ کو کینسر کی تشخیص ہوئی، انھیں پیشاب کی نالی میں تکلیف تھی جس پر انھوں نے ٹیسٹ کروائے تھے، ڈاکٹروں نے بائیڈن کے کینسر کو ’اعلا درجے‘ کا کینسر قرار دیا ہے، جو تیزی سے پھیل سکتا ہے۔
تاہم، بائیڈن کے آفس نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ کینسر ہارمون کے لیے حساسیت رکھتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس کا علاج ممکن ہے۔
آفس سے جاری میں کہا گیا کہ ’’اگرچہ یہ بیماری کی ایک زیادہ جارحانہ شکل ہے، تاہم یہ کینسر ہارمون حساس ہے جس کی وجہ سے مؤثر علاج ممکن ہے۔‘‘