پشاور: تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکوپل میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی رضا محمد نے بتایا کہ پشاور کے تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکوپل میں لاشوں اور زخمی کو تشویشناک حالت میں ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس پی رضا محمد کے مطابق قتل کئے گئے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں جبکہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، ملزمان نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب جوس سینٹر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری شدید جاں بحق ہو گیا، قتل کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تاہم ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ جاں بحق شہری کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی ہے اور مارے گئے ملزم کی شناخت محمد عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے۔
دکان کے مالک کا بیان
دکان کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ جاں بحق نوجوان عابد اورنگی ٹاؤن بہار کالونی کا رہائشی ہے اور اس کا آبائی تعلق نوابشاہ سے تھا، مقتول کو15 روز قبل دکان میں کام پر رکھا تھا۔
دکان کے مالک فردوس نے کہا کہ عابد کو زخمی حالت میں عباسی منتقل کیا گیا تھا، اسے عباسی اسپتال میں طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، وہ کافی دیر اسپتال میں پڑا رہا کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا اور وہ اسپتال میں طبی امداد نا ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے، زاہد لاڈلا گروپ کے کارندے سمیت 7 ملزمان گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے ملزم بھی اورنگی ٹاون کا رہائشی تھا جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔