بھارت کے پنجاب میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ نویں منزل سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئی، متوفیہ کی شناخت آکانکشا کے نام سے ہوئی ہے، جو کرناٹک کے منگلورو کے دھرمستھل کے بلیہار کی رہنے والی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبہ نے اس یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور وہ گذشتہ چھ ماہ سے دہلی میں ایرو اسپیس انجینئر کے طور پر کام کر رہی تھی۔ حال ہی میں اسے جاپان میں ملازمت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
جاپان جانے سے پہلے وہ اپنی پڑھائی سے متعلق کچھ سرٹیفکیٹ لینے کے لیے اپنی سابقہ یونیورسٹی واپس آئی تھی۔ بدقسمتی سے طالبہ یونیورسٹی کی نویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
پولیس کے مطابق انہیں رات دیر اطلاع دی گئی کہ لڑکی ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کی 9 ویں منزل سے گر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لڑکی دہلی میں کام کرتی تھی اور کسی کام سے یہاں آئی تھی۔ ہفتہ کی رات نویں منزل سے گرنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق یونیورسٹی نے گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع دے دی ہے۔ جب وہ آئیں گے تو ان کا بیان ریکارڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ طالبہ کی موت کیسے اور کن حالات میں ہوئی۔ پولیس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کررہی ہے اور اس معاملے میں مزید تفصیلات اہل خانہ کے بیانات درج کرنے کے بعد ہی مل سکے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کینیڈا میں کچھ دنوں سے لاپتہ بھارتی طالبہ کی لاش ساحل سمندر سے برآمد ہوئی تھی، بھارتی ہائی کمیشن نے بھی لاش ملنے کی تصدیق کردی ہے۔
اسرائیل کی غزہ پالیسی پر تنقید کرنے والی یہودی عالمہ کو قتل کی دھمکیاں
بھارت سے تعلق رکھنے والی طالبہ ونشیکا گزشتہ کچھ دنوں سے لاپتہ تھی۔ لڑکی کی لاش ملنے کے بعد مقامی پولیس نے موت کی وجہ جاننے کیلیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔