اسلام آباد : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزامات لگائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہو چکا ہے، دنیا جانتی ہے بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزامات لگائے گئے، جنھیں پاکستان نے غلط ثابت کیا۔
انہوں نے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں گزشتہ تین ہفتوں میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان 60 ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے میں ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ چینی وزیرخارجہ کی دعوت پرچین کا دورہ کررہے ہیں، جنوبی ایشیا کی صورتحال اورخطے میں امن واستحکام پر بات چیت ہوگی۔
خیال رہے دورہ چین کے دوران پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کی سربراہی میں وفد کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے ، اس کے علاوہ پاکستان،چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ بیجنگ میں سہ فریقی ملاقات کریں گے۔