اسلام آباد : لینڈ کروزر نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، موٹر سائیکل پر سوار شخص کے ساتھ ایک طالبہ بھی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جی سیون مرکز پروین شاکر روڈ پر لینڈ کروزر نے دو موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ایف سیون ٹو کالج چوک میں یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، عینی شاہد نے بتایا کہ یہ تین چار ڈالے اور لینڈ کروزر روز صبح تیز رفتاری سے گزرتے ہیں ، کالے شیشوں والی یہ گاڑیاں پروین شاکر روڈ پر جناح ایونیو کی سمت آ رہی تھیں۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار شخص کے ساتھ ایک طالبہ بھی تھیں، خالف سمت سے آنے والے موٹر سائکل سوار چوک کراس کر رہے تھے کہ طالبہ کے ہاتھ سے ایک پیپر گرا، جس پر صائمہ بھی کا نام لکھا تھا۔
حادثے کے شکار دونوں افراد کو ان کالے شیشوں والی گاڑی میں اسپتال لے جایا گیا، ٹکر مارنے کے بعد پورا سکواڈ اور کالے کپڑوں ملبوس تمام افراد موقع سے نکل گئے۔
ٹکر مارنے والی لینڈ کروزر کی نمبر پلیٹ بھی فوری اتار دی گئی، کالے شیشوں والی یہ گاڑیاں کسی کاروباری سیاستدان کی بتائی جاتی ہیں۔