معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ نے لاہور میں عام شہری کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد معافی مانگ لی۔
پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی شہری کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو دو روز قبل وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں شہری کو کار میں گھس کر مارتے ہوئے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں رجب کو کار میں سوار شہری کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا گیا جب کہ یوٹیوبر کے ساتھی انہیں روکنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔
ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہری نے پولیس میں رپورٹ کرائی تھی تاہم اب رجب بٹ کی جانب سے شہری سے معافی مانگے جانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
یوٹیوبر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے گئے مبینہ شہری کے ساتھ معافی کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں نوجوان شہری خاموش بیٹھے دکھائی دیے۔
معافی کی ویڈیو میں رجب بٹ نے نوجوان کا نام شایان بتایا، یوٹیوبر نے کہا کہ ہم دونوں بھائیوں کی طرح ہیں ہمارے درمیان کچھ غلط فہمی ہوگئی تھی، جس وجہ سے معاملہ خراب ہوا۔
رجب نے معافی کی ویڈیو میں بتایا کہ ہم دونوں کی کچھ غلطی تھی لیکن اب ہم دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک ہوچکے ہیں اور ہماری صلح ہوچکی ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے نوجوان سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ شہری کی دل آزاری پر معافی کے طلب گار ہیں۔