منگل, مئی 20, 2025
اشتہار

سندھ کے چھوٹے سے شہر میں 71 کروڑوں روپے کی کرپشن، افسران کی شامت آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

سندھ کے ایک چھوٹے سے شہر مٹیاری میں دو بڑے محکموں کے افسران پر کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز مٹیاری کے نمائندے امتیاز علی چنہ کی رپورٹ کے مطابق مٹیاری میں محکمہ ہائی ویز روڈز اور محکمہ ایجوکیشن ورکس میں 71کروڑ روپے کی خطیر رقم خورد برد کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن حرکت میں آگیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں محکموں کے متعلقہ افسران اور گورنمنٹ کنٹریکٹر کو نوٹس جاری کر دیے۔

اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائی ویز روڈز کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے۔

اینٹی کرپشن نے محکمہ ہائی ویز روڈز کے تین انجینئرز سمیت تین ٹھیکیداروں کو کراچی طلب کرلیا ہے، محکمہ ایجوکیشن ورکس کے جن افسران کو پوچھ گچھ کیلیے طلب کیا گیا ہے ان میں عبدالستار تنیو، معشوق شاہ، فرید شیخ اور نثار شیخ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : سول اسپتال کراچی میں دواؤں کی مد میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں سول اسپتال میں دواؤں کی مد میں 35 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف سامنے آگیا۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، ریکارڈ، کنزیومر اور میڈیکل اسٹور کا ریکارڈ غائب پایا گیا، اونکالوجی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ اور اسٹاف نرس نے اپنے دستخط جعلی قرار دیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے ایم ایس ڈاکٹر نصر اللہ نے بتایا کہ عام روٹین میں شیٹ پر دستخط کیے تھے، سول اسپتال کے اسٹور انچارج نیاز علی خاصخیلی نے بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں