لاہور : محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر سے متعلق خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید چار روز پارہ معمول سےچار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا، جس میں کہا کہ پنجاب میں چند روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ 24 مئی تک درجہ حرارت 7 ڈگری تک معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے ، جس کے پیش نظر وزیر اعلیٰ کے احکامات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو محتاط رہنا ہو گا۔
کراچی میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے تاہم مرطوب موسم کےباعث پارہ 42 ڈگری سےزیادہ محسوس ہوگا۔
ملتان ،ساہیوال،فیصل آباد میں دن بارہ بجے سے پہلے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری پر پہنچ گیا جبکہ لاہورمیں پارہ 36 پر شدت بیالیس ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 20 سے 24 مئی کےدوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور دن کےاوقات میں پارہ معمول سے 5 تا 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبےکےجنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقراررہےگی اور شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھنےکابھی امکان ہے ، متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
محکمہ موسمیات نے مشورہ دیا ہے کہ بیس سے چوبیس مئی تک بچے، بزرگ اور خواتین بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، باہر آنے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اپنائیں اور دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی زیادہ استعمال کریں۔