اسلام آباد : حکومت پاکستان نے 28 مئی کے تاریخی دن یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال 28 مئی کا دن پاکستان میں یوم تکبیر کے طور پر منایا جاتا ہے، 28 مئی 1998 پاکستانی تاریخ کا وہ اہم ترین دن ہے جب وطن عزیز پانچ ایٹمی دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا تھا۔
پاکستانی یہ جاننے کے لیے بے تاب تھے کہ کیا 28 مئی بروز بدھ عام تعطیل ہوگی یا نہیں؟ تاہم اب حکومت کی جانب سے اعلان کردیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ 28 مئی یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
مزید پڑھیں : ایٹم بم نہیں بنتا اگر ۔۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کاانکشاف
وفاقی حکومت نے دسمبر 2024 میں 28مئی کوعام تعطیلات کی فہرست میں شامل کیا تھا اور گزشتہ سال نوٹیفکیشن کے ذریعے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
گذشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے 28 مئی یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
جس میں کہا گیا تھا کہ یوم تکبیر کے موقع پر سندھ حکومت کے ماتحت ادارے بند رہیں گے جبکہ اسکولوں میں بھی تعطیل ہوگی اور اسکول اور ادارے 29 مئی بروز جمعرات کو کھلیں گے۔
قبل ازیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے 28 مئی (بدھ) کو تاریخی دن ‘یوم تکبیر’ کے موقع پر تعطیل کا اعلان کیا تھا۔