بدھ, مئی 21, 2025
اشتہار

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔

بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں اعلیٰ حکمت عملی بنانے اور دشمن کو شکست سے دوچار کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے انہیں فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ائیر چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنےکا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوجی افسران اور جوانوں کو معرکہ حق میں گراں قدر خدمات پر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکا نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مثالی جرأت، عزم سے پاک فوج کی قیادت کی، انہوں نے مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔

’فیلڈ مارشل کا اعزاز شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں‘

کابینہ ارکان نے کہا کہ 6 اور7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال اور بلاجواز جنگ مسلط کی، پاکستان کے معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کو نشانہ بنایا گیا، دشمن نےپاکستان کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنےکی مذموم کوشش کی تو آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔

فیلڈمارشل عاصم منیر نے کہا کہ اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز قوم، افواج، خاص کر سول وملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم بھی قربان! یہ انفرادی نہیں بلکہ افواج پاکستان اور پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں