جمعرات, مئی 22, 2025
اشتہار

پاکستان، چین اور افغانستان کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس بیجنگ میں ہوا۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے تعاون بڑھانے کے لیے بات چیت تعمیری اور وسیع تر تھی اور تینوں ملکوں نے اعتماد سازی اور قریبی روابط پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق سہ فریقی پلیٹ فارم کو علاقائی امن اور ترقی کے لیے اہم اور افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے علاقائی ترقی کے لیے مضبوط معاشی روابط اور کنیکٹیوٹی کو لازم قرار دیا گیا جب کہ سہ فریقی فریم ورک کے تحت عملی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں پاکستان کا افغانستان سے قریبی تجارتی اور صحت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کی جب کہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا۔

اجلاس میں دہشتگردی اور بیرونی خطرات کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ تینوں ملکوںنے دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چھٹا سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس جلد کابل میں منعقد کیا جائے گا۔

دریں اثنا سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں ہونے والے پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جب کہ چین نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی حمایت کی۔

اجلاس میں پاکستان اور افغانستان نے جلد از جلد سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا جبکہ چین نے دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تینوں ملکوں کے داخلی امور میں کوئی بیرونی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی اور تینوں ملک علاقائی امن اور استحکام کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔ ترقی کے لیے خطے میں سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ تین روزہ چین کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور انکا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں