اسلام آباد : حکومت پاکستان نے ایک اور بھارتی اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
پاکستان نے انڈین ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اہلکار کو مراعات یافتہ حیثیت کے منافی سرگرمیوں پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی ہے، اس کو24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے فیصلہ سے آگاہ کیا گیا،
بھارتی سفارت کار اور عملہ اپنی مراعات اور حیثیت کا غلط استعمال نہ کرے۔
مزید پڑھیں : بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو پاکستان چھوڑنے کا حکم
یاد رہے کہ اس سے قبل13 مئی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیے گئے ایک اہلکار کو 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کی سرگرمیاں سفارتی حیثیت کے منافی تھیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کے فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا گیا کہ متعلقہ اہلکار کی سرگرمیوں پر پاکستان کو شدید تحفظات تھے۔ ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان نے فیصلہ ملکی سلامتی کے مفاد میں کیا۔