اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی بحالی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات مکمل سفیر سطح پر بحال کرنے پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان میں مکمل سفیر سطح کے سفارتی تعلقات کی بحالی کیلیے اقدامات جلد متوقع ہیں، فیصلہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح رابطوں کے دوران کیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں نائب وزیر اعظم سے افغان عبوری وزیر خارجہ کی ملاقات
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان، چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس بیجنگ میں ہوا جس میں تینوں ممالک کے تعاون بڑھانے کیلیے بات چیت تعمیری اور وسیع تر تھی اور تینوں ملکوں نے اعتماد سازی اور قریبی روابط پر زور دیا۔
سہ فریقی پلیٹ فارم کو علاقائی امن اور ترقی ککیلیے اہم اور افغانستان میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے علاقائی ترقی کیلیے مضبوط معاشی روابط اور کنیکٹیوٹی کو لازم قرار دیا گیا جبکہ سہ فریقی فریم ورک کے تحت عملی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں پاکستان کا افغانستان سے قریبی تجارتی اور صحت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کی جبکہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں دہشتگردی اور بیرونی خطرات کے خاتمے کیلیے سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، تینوں ممالک نے دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چھٹا سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس جلد افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منعقد کیا جائے گا۔