واشنگٹن: جنوبی افریقی صدر رامافوسا نے اوول آفس میں امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران انہیں قطر کی جانب سے ملنے والے لگژری طیارے پر طنز کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی صدر نے اوول آفس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں قطری طیارہ زیرِ بحث آیا۔ رامافوسا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’معذرت، ہمارے پاس آپ کو دینے کیلیے طیارہ نہیں ہے‘۔
یہ سنتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے فوراً ردعمل دیا کہ ’کاش آپ کے پاس ہوتا تو میں لے لیتا‘۔ ملاقات کے دوران موجود دونوں ممالک کے حکام اور صحافیوں نے قہقہے لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ قطری طیارے سے متعلق صحافی کے سوال پر بھپر گئے
حال ہی میں امریکا نے قطر کے لگژری طیارے بوئنگ 747 کو بطور تحفہ قبول کیا ہے جسے امریکی صدر کیلیے ایئر فورس ون کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اس تحفے کا اعلان ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ مشرق وسطیٰ کے سفر کے دوران کیا گیا۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ طیارہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے نہیں ہے، میں اسے وصول نہیں کر رہا ہوں بلکہ امریکا کی فضائیہ کیلیے ہے۔
تحفے میں دیے گئے طیارے کی منظوری پر سینیٹ کے ڈیموکریٹس کی تنقید کے باوجود امریکی فضائیہ طیارے میں ترمیم کرنے کا معاہدہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس کی تفصیلات اب تک خفیہ ہیں۔
امریکی صدر کے زیر استعمال ایئر فورس ون کی مدت پوری ہو چکی ہے اور اسے کئی بار تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا چکی ہیں۔ توقع ہے کہ قطری لگژری طیارہ بوئنگ 747 عبوری طور پر ایک عارضی حل کے طور پر کام کرے گا۔