اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کے لیے قرض اسکیم کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ 26-2025 میں نوے لاکھ چھوٹے کسانوں کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکج کی تیاری جاری ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم شروع کی جائے گی، ملک کے نوے لاکھ کاشت کاروں کو زرعی قرض دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم کی ہدایت جاری کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کے درمیان خصوصی ملاقات میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم کے خدوخال پر بات چیت ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرضوں کی اسکیم کا پائلٹ پراجیکٹ ستمبر میں لانچ کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم زرعی پیکج کے تحت ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم زمین کے کاشت کاروں کو قرض اور فصلوں کی انشورنس فراہم کیے جائیں گے اور کاشت کاروں کو جدید زراعت کے بارہ میں آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔