جمعرات, مئی 22, 2025
اشتہار

9 سال کی عمر میں لاپتا ہونے والا شخص 29 سال بعد اپنے گھر کیسے پہنچا؟

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر امبالہ میں 9 سال کی عمر میں لاپتا ہونے والے شخص کی 29 سال بعد گھر واپسی کی دلچسپ کہانی نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق امبالہ کا رہائشی سنجے 9 سال کی عمر میں اُس وقت لاپتا ہوگیا تھا جب وہ گھر سے مندر کیلیے نکلا، راستے میں کھیلتے کھیلتے سبزی منڈی پہنچا اور پھر ریلوے اسٹیشن جا کر ایک ٹرین میں بیٹھ کر سو گیا۔

ٹرین جب اتر پردیش کے شہر آگرہ پہنچی تو وہ اپنا گھر تلاش کرتا رہا لیکن اسے کچھ سمجھ نہیں آیا۔ وہ چلتے چلتے ایک ڈھابے پر پہنچا جہاں اندرجیت اور اس کی بیوی گیتا نے اسے اپنے ساتھ روک لیا۔

یہ بھی پڑھیں: شوہر کی لاپتا بیوی سے اسپتال میں دلچسپ انداز میں ملاقات

اندرجیت اور گیتا کی کوئی اولاد نہیں تھی لہٰذا انہوں نے سنجے کو بیٹے کی طرح پال پوس کر بڑا کیا، بعد میں جوڑے کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہوئی اور وہ 2004 میں رشیکیش شفٹ ہوگئے۔

اب سنجے اکیلا رہ گیا اور اکثر اپنے گھر کی تلاش کے بارے میں سوچتا تھا۔ ایک دن اس کی رادھیکا نامی لڑکی سے ملاقات ہوئی، یہ دونوں ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ انہوں نے 2009 میں شادی کی اور جوڑے کے تین بچے ہیں۔

ایک دن سنجے کو گھر کی شدت سے یاد آنے لگی تو اس نے گھر کے قریب پولیس چوکی اور اس کے پاس ایک درگاہ کے بارے میں گوگل پر سرچ کرنا شروع کیا۔ جب اسے مہیشور نگر تھانے کے قریب امبالہ کا لوکیشن ملا تو وہ اس مقام پر پہنچا اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔

اس دوران وینا نامی خاتون نے سنجے کو آواز دے کر پوچھا کہ وہ کس کی تلاش میں ہے۔ اس نے بتایا کہ میرے والد کا نام کرمپال اور والدہ کا نام وینا ہے، میں کم عمری میں لاپتا ہوگیا تھا، اپنا گھر تلاش کر رہا ہوں۔

جب وینا نے سنجے سے تفصیل سے گفتگو کی تو انہیں یقین ہوگیا کہ یہ وہی سنجے ہے جو 9 سال کی عمر میں لاپتا ہوا تھا۔ دراصل وینا سنجے کی والدہ تھیں جنہیں بیٹے کے واپس ملنے کا یقین نہیں آ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سنجے واپس آگیا ہے، یہ حقیقت ہے یا خواب مجھے سمجھ نہیں آ رہا۔

جب وینا نے سنجے کو بتایا کہ وہ اس کی والدہ ہیں تو دونوں ماں بیٹا پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ سنجے نے گھر والوں کو بیوی رادھیکا اور تین بچوں کے بارے میں بتایا اور انہیں بھی امبالہ بلا لیا جہاں وہ ہنسی خوشی اہل خانہ کے ساتھ رہ رہے ہیں۔

نوجوان کی گھر واپسی میں اہم کردار ٹیکنالوجی یعنی گوگل کا رہا، ورنہ وہ کبھی اپنے گھر نہ پہنچ پاتا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں