اسلام آباد : برطانیہ اور جرمنی نے خضدار میں اسکول کی بس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کو نشانہ بنائے جانے پر افسردگی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی جانب سے خضدار میں بچوں کی بس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی جارہی ہے۔
پاکستان میں تعینات برطانیہ کی ہائی کمشنر جئین میریٹ نے کہا خضدار میں بچوں کی وین پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بچوں کی شہادت اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے پر دلی طور پر غمگین اورافسردہ ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں : خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید
جرمنی نے بھی خضدار میں اسکول بس پرحملے کی مذمت کی ، جرمن سفیر نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ‘بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل پر صدمے میں ہیں، ہمارے خیالات اور دعائیں اہل خانہ اورتمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔’
یونسیف کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی اور بیان میں کہا اسکول جانا کسی بھی بچے کے لیے خطرناک نہیں ہونا چاہیے، بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنا ہوگا، یونیسیف حملے کے متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوئے تھے۔