جمعرات, مئی 22, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار پر عظمیٰ بخاری برہم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اڈیالہ جیل میں تیسری مربتہ پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار پر وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری برہم ہوگئیں۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے، عمران خان تین دن سے پولی گرافک ٹیسٹ کرنے والی ٹیم سے چھپ رہے ہیں، کبھی بادشاہ سلامت سو کر نہیں اٹھے، کبھی کھانا کھا رہے ہیں اور کبھی ان کے وکلا نہیں آئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو آج بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم اور جیل میں قید ہیں، وہ یہ جان لیں کہ یہ بنی گالہ نہیں بلکہ اڈیالہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی

انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس پیچھے پیچھے جبکہ 9 مئی واقعات کا معصوم ماسٹر مائنڈ آگے آگے ہے، 9 مئی کا ماسٹرمائنڈ اپنا جھوٹ بے نقاب ہونے کے خوف سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، عمران خان خود عدالتی احکامات کو ماننے کیلیے تیار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی ایک بغاوت تھی ریاست کے خلاف سازش تھی، ان واقعات کے کرداروں اور سہولت کاروں کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

آج پھر عمران خان کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک سمیت وائس میچنگ ٹیسٹ کے معاملے پر لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جہاں بانی پی ٹی آئی نے تعاون سے انکار کیا جس کے بعد پولیس ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے ہیں، تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم اور پنجاب فرانزک یونٹ کے عابد ایوب شامل ہیں۔

اس سے قبل بھی عمران خان نے 9 مئی کیسز کے سلسلے میں وکلا کی غیر موجودگی میں پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا تھا۔

یاد رہے 15 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگرد عدالت نے عمران خان کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک کروانے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروائے جائیں، عدالت نے 12 مقدمات میں ان کے ٹیسٹوں کی اجازت دی تھی۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26مئی تک بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور واٹس ایپ میچنگ ٹیسٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں