پی ایس ایل کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ سے شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کل دوسرا کوالیفائر میچ کھیلے گی تاہم اس سے قبل اس کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے اسلام آباد کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اب دفاعی چیمپئن اسلام آباد کو فائنل تک رسائی کے لیے کل دوسرا کوالیفائر کھیلنا ہے جو آج کے ایلیمینیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
تاہم اس اہم میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج اوپنر ایلکس ہیلز پی ایس ایل چھوڑ کر واپس انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایلکس ہیلز دوست کی شادی میں شرکت کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے ہیں اور وہ پی ایس ایل ری شیڈول ہونے کے بعد دو میچز کے لیے پاکستان آئے تھے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا ایلیمنیٹر آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم کل اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرے
کوالیفائر میں مقابلہ کرے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
دوسرے کوالیفائر کی فاتح ٹیم اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل 10 کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹیڈ دفاعی چیمپئن ہونے کے ساتھ تین بار ٹائٹل جیت چکی ہے۔ لاہور قلندرز نے دو بار ٹرافی اٹھائی، جبکہ کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور ملتان سلطانز نے ایک ایک بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہوا ہے۔