بنگلادیش کو دورہ پاکستان سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا کیونکہ اسٹار آل راؤنڈر سومیا سرکار انجری کے باعث ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سومیا سرکار کی انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ آل راؤنڈر کو گزشتہ ہفتے کمر کے نچلے حصے کے دائیں جانب تکلیف کا سامنا ہے۔
طبی معائنے کے بعد ٹیم کے فزیو بایجد الاسلام خان نے ان کی انجری کے حوالے سے اپ ڈیٹ فراہم کی۔
بایجد الاسلام نے کہا کہ طبی تشخیص کے بعد طے پایا کہ چوٹ کو ٹھیک ہونے میں تقریباً 10 سے 12 دن لگیں گے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
سومیا سرکار کی جگہ بنگلادیش نے آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کو شامل کیا ہے۔
مہدی حسن میراز 29 ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں اور اس وقت پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔
مہدی حسن میراز پی ایس ایل 10 کے فائنل کے بعد لاہور میں بنگلادیش اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹی 20، 28 مئی کو کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی 20 میچ 30 اور آخری میچ یکم جون کو ہوگا۔