کوئٹہ گلیڈیئٹر کے ڈائریکٹر سرفراز احمد پی ایس ایل 10 میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن اور فائنل جیت کر چیمپئن بننے کے لیے پُر عزم ہیں۔
پاکستان سپر لیگ 10 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ روز پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈیئٹر نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
راؤنڈ میچز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے اور پھر فائنل میں رسائی پرکوئٹہ گلیڈیئٹر کے ڈائریکٹر سرفراز احمد خوش ہیں اور وہ اپنی ٹیم سے فائنل جیت کر دوبارہ چیمپئن بننے کے لیے بھی پرامید ہیں۔
سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور کا گراؤنڈ اس سیزن میں ہمارے لیے خوش قسمت رہا ہے۔ یہ ہوم گراؤنڈ جیسا تھا جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 6 میچز جیتے, امید ہے کہ فائنل بھی جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 میں بہت اچھے میچز ہوئے ہیں۔ آج لاہور اور کراچی کا بڑا میچ ہے اور جو اچھی کرکٹ کھیلے گا وہی فائنل بھی کھیلے گا۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد بطور کھلاڑی 9 سال تک کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے منسلک رہے اور مسلسل 8 سیزن میں ٹیم کی قیادت کی۔
کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے ان ہی کی قیادت میں 2019 میں پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
پی ایس ایل 10: دوسرے کوالیفائر سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا