پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی راجستھان جلسے کے دوران لگائے گئے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ان الزامات کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہیں، اس طرح کے بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کاہ کہ جھوٹے الزامات، عسکری دعوے یواین چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان عالمی دہشتگردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر شراکت دار ہے۔
نریندر مودی پاک بھارت جنگ بندی کے بعد پھر ہرزہ سرائی پر اتر آیا
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش گمراہ کن اور ناقابل قبول ہے، بھارت کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بناتا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم بین الاقوامی سطح پربے نقاب ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی قیادت پر ذمہ داری اور ضبط کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اس اشتعال انگیز بیانات سے خطے میں امن کو خطرہ لاحق ہوتا ہے جبکہ پاکستان امن، استحکام اور تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جارحانہ انداز اور نفرت پر مبنی بیانیے کا سنجیدگی سے نوٹس لے جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہے۔