ہفتہ, مئی 24, 2025
اشتہار

محمد عامر کا پی ایس ایل کے فائنل سے قبل بڑا بیان

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل 10 کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کا فائنل میچ سے قبل اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں اُن کا کہنا ہے کہ فائنل میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، اسی وجہ سے دباؤ ہوتا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر ٹیم کا فائنل میں پہنچنا خواب ہوتا ہے، اس مرتبہ ہم فائنل کھیل رہے ہیں، ہمیں امید ہے ہم فائنل جیتیں گے۔

عامر کا کہنا تھا کہ فائنل نارمل میچ نہیں ہوتا یہ ایک مختلف مقابلہ ہوتا ہے، فائنل میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، جس کے باعث ہر کوئی دباؤ میں ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خرم شہزاد اچھی بولنگ کررہے ہیں، ڈومیسٹک سے سیکھ کر آئے ہیں۔ ہر کھلاڑی کو اپنے متعلق اندازہ لگانا چاہیے کہ کہاں غلطیاں ہو رہی ہیں، لاہور ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے، یہ ہمارے لیے خوش قسمت رہا ہے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل 10 کے فائنل سے قبل بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہم فائنل جیتیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے اہم موقع پر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 203 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 15.1 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل 25 مئی بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں