بالی ووڈ کے معروف فلم اور ٹی وی اداکار مکل دیو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے جس کی تصدیق ان کے ساتھی اداکار نے کی ہے۔
اداکار مکل دیو کے بھائی راہول دیو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلم سن آف سردار کے اداکار کی موت کی تصدیق کی ہے۔
راہول دیو نے بتایا کہ مکل نے گزشتہ شب نئی دہلی میں اپنی آخری سانس لی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی موت کیسے ہوئی ہے، سوگواروں میں ان کی ایک بیٹی، بھائی اور بھتیجا شامل ہیں۔
مکل دیو کے ساتھی فنکار اداکاروندو دارا سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مکل سے متعلق لکھا ‘آپ کے ساتھ گزارا ہوا وقت ہمیشہ ناقابلِ فراموش رہے گا، سن آف سردار 2 آپ کے ساتھ آخری پروجیکٹ رہے گا جس میں یقیناً آپ کے کردار نے ناظرین کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیری اور انہیں خوب ہنسایا’۔
View this post on Instagram
بندو دارا سنگھ نے کہا کہ ’اپنے والدین کی موت کے بعد مکل خود کو سب سے الگ رکھتا تھا، وہ گھر سے باہر بھی نہیں نکلتا تھا اور کسی سے بھی ملاقات نہیں کرتا تھا، گزشتہ کچھ دنوں میں اس کی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور وہ اسپتال میں تھا۔‘
واضح رہے کہ اداکار مکل دیو بھارتی ڈراموں میں کام کرنے کے علاوہ متعدد بالی ووڈ، پنجابی اور جنوبی بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں۔