ناروے میں ایک شخص کی آنکھیں اس وقت پھٹی کی پھٹی رہ گئیں جب اس نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو اس کے لان میں ایک بہت بڑا مال بردار بحری جہاز (کنٹینر شپ) کھڑا تھا۔
یہ 135 میٹر (443 فٹ) لمبا بحری جہاز جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے مقامی وقت پر یورہن ہیلبرگ نامی شہری کے گھر سے چند میٹر کے فاصلے پر کنارے سے ٹکرا گیا۔
ہیلبرگ کو خود یہ واقعہ تب معلوم ہوا جب ان کے ایک گھبرائے ہوئے پڑوسی نے ان کے دروازے کی گھنٹی بجائی۔ وہ جہاز کو دیکھ رہے تھے جو تیزی سے ساحل کی طرف آ رہا تھا، یہ واقعہ بائنے سیٹ نامی علاقے میں پیش آیا، جو ٹرونڈھائم کے قریب ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ میں کھڑکی کے پاس گیا تو حیران رہ گیا کہ اتنا بڑا جہاز سامنے کھڑا تھا۔ مجھے اس کی چھت دیکھنے کے لیے گردن پوری اوپر کی جانب کرنا پڑی، یہ منظر کسی خواب کی طرح تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ جہاز پانچ میٹر مزید جنوب کی طرف ہوتا تو میرے بیڈروم کے اندر آ جاتا اور نہ جانے میرے ساتھ کیا ہوجاتا؟ ۔
یہ جہاز، جس کا نام این سی ایل سالٹن ہے، اس میں 16 افراد سوار تھے۔ یہ ٹرونڈھائم فِیورڈ سے ہوتا ہوا جنوب مغرب میں اورکانگر جا رہا تھا جب یہ غلط راستے پر چل پڑا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔