بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مرزا پور میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں دولہے کو دلہن کی کولڈ ڈرنک میں نشہ ملانا مہنگا پڑ گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 15 مئی کو وارانسی کی رہائشی لڑکی کی شادی مرزا پور کے نوجوان سے ہوئی تھی، شادی کی رات دولہے نے دلہن کی کولڈ ڈرنک میں نشہ یعنی بیئر اور بھنگ ملا دی۔
اگلی صبح جب دلہن کو ہوش آیا تو اس کا غصہ ساتویں آسمان پر تھا، اس نے دولہے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کو فون کر کے معاملے کے بارے میں آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دلہن عین وقت پر شادی سے انکار کرکے دوست کے ساتھ چلی گئی
اگلے دن دلہن کے ماموں بھانجی کے سسرال پہنچے اور اسے اپنے ساتھ گھر واپس لے آئے۔ انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی تو پولیس نے دونوں فریقین کو تھانے طلب کر کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی۔
تھانے میں دلہن نے دولہے پر شدید برہمی کا اظہار کیا جبکہ لڑکا اپنے کیے پر معافی مانگتا رہا۔ سمجھانے کے باوجود دلہن نے شادی توڑ دی اور اپنے گھر واپس چلی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں فریقین کو تھانے بلا کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن دلہن شوہر کے ساتھ رہنے پر بالکل بھی راضی نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں، فی الحال مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا۔