اسلام آباد : وفاقی وزیر مصدق ملک نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اگر ہمارا پانی روکتا ہے تو یاد رکھے ان کا پانی چین سے آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نےہماراسرفخرسے بلند کردیاہے، پاکستان کو دوسری بڑی کامیابی سفارتی سطح پربھی ملی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کشیدگی میں مختلف ممالک بھارت کیساتھ کھڑے ہوتے رہے، اس بار بھارت کے ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوا جو ہماری کامیابی ہے، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرچکے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ توقع ہے کہ ہم جون کے پہلے ہفتے میں دوروں پر روانہ ہوں گے، ہوسکتا ہے پہلے ہم امریکا جائیں اور پاکستان کامقدمہ سامنا رکھیں، امریکا کے بعد ہمارے وفود یورپ جائیں گے اور اپنا موقف پیش کریں گے ، دوروں سے متعلق ابھی حتمی پلان طے نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا میں اپنا لوہا منوایا، اب برابری کی بنیاد پر گفتگو ہوگی، بھارت کی دوروں کے لیے 7 ٹیمیں ہیں تو ہمارے ساتھ بھی حق ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا جواب سچائی پر مبنی ہوگا اور اسی کے ساتھ دنیا میں جائیں گے ، پاکستانی میڈیا،سوشل میڈیانےبھارتی جھوٹ کا جواب سچ سےدیا ،پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کے بدلے جھوٹ نہیں بولا اور کچھ ہی گھنٹوں میں دنیا کو پتا چل گیاتھا کہ بھارت جھوٹ بول رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ بھارت ہمارا پانی روک کر چین کو ان کا پانی روکنے کا حق دے رہا ہے، بھارت اگر ہمارا پانی روکتا ہے تو یاد رکھے ان کاپانی چین سے آتا ہے۔