کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے 2 ڈاکووں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے گزشتہ سال اورنگی ٹاؤن میں ماموں اور بھانجے کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایس آئی یو نے میٹروول میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر قتل میں ملوث 2 ڈاکووں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے گزشتہ سال اورنگی ٹاؤن میں ماموں اوربھانجے کو لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران ماموں اور بھانجے نے ایک ڈاکو کو پکڑا تو ساتھی کاشف عرف شپو نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے شہری اور ڈاکو کا ایک ساتھی دم توڑ گئے تھے۔
مومن آباد تھانےمیں مقتول ماموں کے بھانجے کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے، ملزمان ناظم آباد،بنارس،اورنگی ٹاؤن ودیگر علاقوں میں وارداتیں کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر رینجرز اہلکار کو شہید کرنے والا ملزم گرفتار
حکام نے بتایا کہ کاشف عرف شپو اور شعیب سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر رینجرز اہلکار کو شہید کرنے والا ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، رینجرز اہلکار ظہیرالدین کی شہادت کا واقعہ عید الفطر سے قبل پیش آیا تھا۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا تھا کہ رینجرز اور شعبہ تفتیش پولیس نے قتل میں ملوث ملزم عیسیٰ عرف بسمہ کو گرفتار کیا، فرار ہونے کی کوشش میں ملزم نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ بھی کی۔
ترجمان کے مطابق ملزم کا دوسرا ساتھی سعید عرف طور خان موقع سے فرار ہوا، عیسیٰ عرف بسمہ کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا، وہ اپن ےساتھی سعید عرف طور خان کے ساتھ وارداتیں کرتا تھا۔