دورہ پاکستان پر پہنچنے والی بنگلادیشی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا۔
بنگلادیش کے اہم آل راؤنڈر سومیا سرکار کے انجری کے باعث سیریز سے باہر ہونے کے بعد مین فاسٹ بولر مستفیض الرحمان بھی دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔
تیز گیند باز مستفیض الرحمان اپنے آخری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچ کے دوران بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگنے کے بعد پاکستان کے خلاف بنگلا دیش کی آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
بائیں بازو کے تیز گیند باز کو کلپ فریکچر ہوا جو انہیں کم از کم دو سے تین ہفتوں تک سائیڈ لائن کر دے گا۔
ٹیم کے فزیو دلاور حسین سیوا کے مطابق مستفیض کو آرام اور بحالی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بائیں انگوٹھے پر کلپ فریکچر ہوا ہے اور وہ اگلے دو سے تین ہفتوں تک انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کی صحت یابی کی پیشرفت کی نگرانی کے لیے دو ہفتوں کے بعد ایک فالو اپ تشخیص کریں گے۔
مستفیض کی غیر موجودگی میں فاسٹ باؤلر خالد احمد کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ 28 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آج شام قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔
دونوں ٹیمیں آج شام 7 بج کر 30 منٹ پر قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی، جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔