پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے سکندر رضا کی ٹاس سے قبل پاکستان واپسی کو پیسے سے جوڑ دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کے فائنل میں ٹاس سے چند منٹ قبل زمبابوے کے اسٹار کھلاڑی سکندر رضا کی لاہور قلندرز کی ٹیم میں غیر متوقع واپسی کے حوالے سے عماد وسیم ریمارکس دے کر شہ سرخیوں میں آگئے۔
سکندر رضا نے ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کی نمائندگی کرنے کے لیے قلندرز سے چھٹی لی جس کی وجہ سے ان کی پی ایس ایل فائنل میں ان کی شرکت غیر یقینی تھی۔
تاہم سکندر رضا نے ٹاس سے دس منٹ قبل قلندرز کے اسکواڈ میں دوبارہ شمولیت اختیار کی اور قلندرز کو فتح سے ہمکنار کروانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔
تاہم حالیہ انٹرویو میں عماد وسیم سے کہا گیا کہ وہ سکندر رضا کو ایک لفظ میں بیان کریں؟ جواب میں عماد نے کہا کہ جیسا شعیب اختر نے کہا پیسہ آپ کے لیے کام کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو معاوضہ مل رہا ہے تو آپ جائیں گے، میں بھی بہت سفر کرتا ہوں، کبھی کبھی ایک میچ ختم ہوتا ہے اور اگلے دن آپ دوسرا کھیل رہے ہوتے ہیں، میں نے 24 گھنٹے سفر کیا اور براہ راست میچ میں گیا تو ہاں، پیسہ مختلف چیزیں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکندر رضا بہترین کھلاڑی ہیں وہ گزشتہ چند سالوں سے دنیا بھر میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے آئی ایل ٹی 20 کا فائنل بھی جیتا تھا، وہ ایک شاندار انسان اور ٹیم کے اچھے کھلاڑی ہیں۔