کویت نے 19 سال کے بعد پاکستانی شہریوں کو ویزوں کا اجرا شروع کردیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جس کے تحت 19 سال سے ویزوں پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔
کویت کی جانب سے اب پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزے جاری کیے جائیں گے۔
کویت شعبہ صحت میں پاکستان سے ایک ہزار 200 نرسوں کو ملازمتوں دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جس کے لیے پہلی کھیپ جلد روانہ ہوگی۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن نے کویت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ ویزوں پر عائد پابندی ختم ہونے سے ہزاروں پاکستانیوں کو کویت میں روزگار، تجارت، سیاحت کےمواقع ملیں گے۔
یہ پڑھیں: کویت کا فیملی وزٹ ویزا حاصل کرنے کا آسان طریقہ
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو کویت کے ویزوں کے لیے طویل انتظار کی کوفت نہیں اُٹھانا پڑے گی۔ یہ ویزے اب آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
فوکل پرسن برائے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کویت میں روزگار ملنے سے پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہو گا۔
یاد رہے کہ کویت نے 2011 میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزے دینا بند کردیئے تھے۔
جس کے بعد مختلف ادوار میں کویت حکومت کے ساتھ ویزے پر پابندی کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات ہوتے آئے ہیں۔