کراچی : سابق گورنر سندھ کمال اظفر کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 88 برس تھی۔ صدرمملکت اور وزیر اعظم نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ کمال اظفر مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے، 88سالہ کمال اظفر کافی عرصے سے علیل تھے، نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کمال اظفر طویل عرصےسے علیل تھے، صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے سابق گورنرسندھ کمال اظفر کےانتقال پرافسوس اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ کمال اظفرکی وفات سے پاکستان ایک مدبر اور بڑے سیاستدان سے محروم ہوگیا، صدر آصف علی زرداری نے مرحوم کی سیاسی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔
صدرمملکت نے کہا کہ کمال الدین اظفرجیسے سیاست دان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، مرحوم نے سندھ اور پیپلز پارٹی کیلئے گرانقدرخدمات انجام دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری، بلاول بھٹو اور دیگر نے بھی کمال اظفر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔