بھارت میں فلائٹ لینڈنگ کے دوران 326 مسافروں کی زندگی خطرے میں آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تمل ناڈو کے چنئی ایئرپورٹ پر اترنے والے طیارے پر لیزر بیم فائر کرنے کے واقعے نے ہلچل مچادی۔
لیزر لائٹ کی وجہ سے پائلٹ کو پرواز کی لینڈنگ کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی تاہم پائلٹ نے ایمریٹس ایئرلائنز کے مسافر طیارے کو بغیر کسی پریشانی کے چنئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔
بعدازاں پائلٹ نے اس بارے میں شکایت درج کروائی۔
واقعہ کیا ہے؟
دبئی سے چنئی ایئرپورٹ کے لیے اڑان بھرنے والی ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز 326 مسافروں کے ساتھ اتوار کی رات چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
طیارہ لینڈنگ کے لیے نیچے آ رہا تھا، طیارہ چنئی کے پارنگی مالائی کے قریب پرواز کر رہا تھا کہ اس پر سبز لیزر شعاعیں گرنے لگیں جس کی وجہ سے پائلٹ کو طیارے کو اتارنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ہوائی اڈے پر افراتفری: پائلٹ نے چنئی ایئرپورٹ کے کنٹرول روم سے بھی رابطہ کیا اور شکایت درج کروائی کہ لیزر بیم ہوائی جہاز کی طرف ایسے جا رہے تھے جیسے لینڈنگ کے دوران اس میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہو۔
اس کے بعد چنئی ایئرپورٹ کنٹرول روم نے ایئرپورٹ سیکیورٹی یونٹ، سول ایوی ایشن سیکیورٹی کے ایف ای آر او اور چنئی ایئرپورٹ پولیس کو مطلع کیا۔ چنئی ہوائی اڈے کے کنٹرول روم نے ریڈار کے آلات کا استعمال کرتے ہوئے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ روشنی کہاں سے آئی ہے۔
کیس کی تحقیقات شروع: پولیس اس واقعے کے حوالے سے چنئی ایئرپورٹ کنٹرول روم کے حکام کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ چنئی کے پارنگیملائی، نندمبکم اور گوئنڈی پولیس اسٹیشنوں کو بھی اس بارے میں اطلاع دی گئی ہے اور وہ تحقیقات کر رہے ہیں۔