جمعرات, مئی 29, 2025
اشتہار

برطانیہ میں خوفناک واقعہ : بے قابو گاڑی نے فٹبال شائقین کو کچل ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

لیور پول : برطانیہ کے شہر لیور پول میں ڈرائیور نے گاڑی لوگوں کے ہجوم پر چڑھا دی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیور پول میں ایک بے قابو کار نے فٹبال شائقین کو کچل ڈالا، ہزاروں شائقین لیور پول کی پریمیئر لیگ جیتنے کی خوشیاں منا رہے تھے، حادثے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔

اس حوالے سے مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم کی جیت کے جشن کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، پیدل چلنے والوں پر گاڑی چڑھانے والے شخص کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔،

رپورٹ کے مطابق لیور پول کی فتح کا جشن منانے کیلئے پریڈ میں 80ہزار سے زائد افراد شریک تھے
پولیس نے لیور پول واقعے میں ملوث شخص کی شناخت ظاہرکر دی۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث شخص53سالہ سفید فام برطانوی شہری ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

غیر مصدقہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں سڑک پر گرے ہوئے افراد دکھائی دے رہے ہیں، رائٹرز کے ایک فوٹو گرافر نے ایمرجنسی سروسز کو متاثرہ افراد کو اسٹریچر پر ڈال کر ایمبولینسز تک لے جاتے اور سڑک پر بکھرا ملبہ دیکھا۔

اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ مناظر خوفناک تھے اور انہیں اس واقعے کی مسلسل اطلاع دی جا رہی ہے۔

اسٹارمر نے کہا کہ میری ہمدردیاں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو زخمی یا متاثر ہوئے ہیں۔ میں پولیس اور ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس دلخراش واقعے پر فوری اور مسلسل ردعمل دیا۔

اہم ترین

زاہد نور
زاہد نور
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں

مزید خبریں