جمعرات, مئی 29, 2025
اشتہار

سونگھنے کی حِس میں کمی کا موت سے کیا تعلق ہے؟ ہوشربا تحقیق

اشتہار

حیرت انگیز

انسان میں پائی جانے والی چھ نمایاں حِسوں میں سونگھنے کی حِس کئی لحاظ سے اہم ہے کیونکہ اس حِس کا ہماری یادداشت اور جذبات دونوں سے براہ راست تعلق ہوتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سونگھنے کی صلاحیت میں کمی سے دماغی بیماری ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو بگڑنے کے بعد انسان کو موت کی جانب بھی لے جا سکتا ہے۔

ایک نئی سائنسی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بو یا خوشبو کو پہچاننے کی صلاحیت میں کمی (جسے "اولفیکٹری امپیئرمنٹ” کہا جاتا ہے) بڑی عمر کے افراد میں موت اور دماغی بیماریوں، خاص طور پر ڈیمنشیا کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا سکتی ہے۔

طبی جریدے میں شائع کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ماہرین نے سونگھنے کی حس میں کمی یا اس سے متعلق مسائل کے شکار افراد میں پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا۔

یہ تحقیق سوئیڈش نیشنل اسٹڈی آن ایجنگ اینڈ کیئر” کے ڈھائی ہزار سے زائد افراد پر کی گئی، جن کی عمریں زیادہ تھیں، اس مطالعے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ سونگھنے کی صلاحیت میں کمی کا شکار زیادہ تر لوگ عمر رسیدہ ہوتے ہیں۔

تحقیق میں شامل افراد کو 16 سوالات پر مشتمل خوشبو پہچاننے کا ٹیسٹ دیا گیا، محققین کے مطابق ٹیسٹ کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ اگر کوئی شخص 16 مختلف خوشبوؤں میں سے زیادہ تر کی پہچان نہ کر سکے، تو چھ سال میں اس کی موت کا خطرہ 6 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جبکہ 12 سال بعد یہی خطرہ 5 فیصد رہ جاتا ہے، یہ کمی دل، دماغ اور سانس کی بیماریوں سے بھی منسلک پائی گئی۔

اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈیمنشیا، یعنی یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت میں کمی، سونگھنے کی حس میں کمی اور موت کے درمیان سب سے مضبوط تعلق رکھنے والا عنصر تھا اور تقریباً 25فیصد موت کے خطرے کی وضاحت صرف اسی ایک وجہ سے ہوئی۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جسمانی کمزوری اور خوراک کی کمی بھی ان افراد کی صحت پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے جن کی سونگھنے کی حس کمزور ہوچکی ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : اگر آپ یا آپ کے کسی عزیز کو سونگھنے کی حس میں کمی محسوس ہو رہی ہو تو اسے معمولی نہ سمجھیں بلکہ جلد از جلد اپنے معالج سے رجوع کرکے علاج کا آغاز کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں