جمعرات, مئی 29, 2025
اشتہار

مجتبیٰ‌ حسین: طنز و مزاح کی دنیا کا بڑا نام

اشتہار

حیرت انگیز

آج اردو کے ممتاز ادیب اور مزاح نگار مجتبیٰ حسین کی برسی ہے۔ ان کا ادبی سفر چار دہائیوں‌ پر محیط ہے۔ اردو ادب کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں مجتبیٰ‌ حسین کی رحلت کے بعد گویا مزاح کا ایک باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے۔

27 مئی 2020ء میں بھارتی ادیب اور مشہور مزاح نگار نے ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں۔ مجتبیٰ‌ حسین کی تحریریں شگفتگی اور شائستگی کے ساتھ رمزیت اور برجستگی کا عمدہ نمونہ ہیں۔ ان کے انشائیے بھی طنز و مزاح کی ہلکی آمیزش کے ساتھ زبان کے رچاؤ اور دل کش اسلوب کے سبب پسند کیے جاتے ہیں۔ وہ بھارت میں اردو لکھنے والے ان نثر نگاروں میں سے تھے جنھیں قارئین نے بہت پسند کیا اور ان کی کتابیں مقبول ہوئیں۔

مجتبیٰ حسین کا تعلق گلبرگہ سے تھا جہاں وہ 15 جولائی 1936ء کو پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی اور 1956ء میں عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ نوجوانی ہی میں وہ طنز و مزاح کی جانب مائل ہو گئے تھے۔ حیدرآباد دکن کے روزنامہ سیاست سے وابستگی کے بعد باقاعدہ ادبی سفر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں محکمۂ اطلاعات میں ملازمت اختیار کرلی اور پھر دلّی میں مختلف محکموں میں ملازمت کے بعد 1992ء میں ریٹائر ہوگئے۔ ان کا قیام حیدرآباد دکن میں رہا۔

مجتبیٰ حسین کے یہاں طنز کا پہلو کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ ان کا موضوع نوعِ انسانی ہے۔ واقعہ نگاری اور مرقع کشی میں ان کا کمالِ فن عروج پر نظر آتا ہے۔ انھوں نے اپنے مشاہدے کی مدد سے مختلف واقعات کے مضحک پہلوؤں کو اپنی تحریروں میں نہایت خوب صورتی سے اجاگر کیا اور قارئین میں‌ ان کے مضامین اور انشائیے مقبول ہوئے۔ سماج کے مختلف طبقات اور شعبہ ہائے حیات سے متعلق افراد کے طرزِ زندگی، ان کے مسائل اور ان کے مخصوص رویوں، عادات پر ان کی تحریروں کو کتابی شکل میں بہت پذیرائی ملی۔

سماج ہی نہیں‌ سیاست اور اس کے بطن سے پھوٹنے والے ہنگامے بھی ان کی نظر میں‌ رہے۔ مجتبیٰ حسین کی ایک تحریر سے یہ پارہ ملاحظہ کیجیے۔

’’اگر آپ خالص فسادات دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر ہندوستان ہی جائیے۔ یہاں کے فسادات اتنے خالص ہوتے ہیں کہ ان میں کہیں بھی انسانیت کی ملاوٹ نہیں ہوتی۔ اس صفائی سے انسانوں کے سر کاٹے جاتے ہیں اور ان کے جسموں میں چھرے بھونک دیے جاتے ہیں کہ عقل حیران اور نظر دنگ رہ جاتی ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ فرقہ وارانہ فساد ہندوستان کا بڑا قدیم کھیل ہے۔‘‘

بہرحال، بالآخر اور الغرض ان کے طنزیہ و مزاحیہ مضامین اور انشائیوں کے مشہور مجموعے ہیں۔ انھوں نے سفر نامے بھی تحریر کیے اور کالم بھی لکھے جو بہت مقبول ہوئے، قصہ مختصر، آدمی نامہ، جاپان چلو جاپان چلو اور کئی کتابوں کے مصنّف مجتبیٰ حسین کو ان کی تخلیقی کاوشوں اور ادبی خدمات کے اعتراف میں متعدد انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں