جمعہ, جون 6, 2025
اشتہار

صدر نے دباؤ کے باوجود کم عمری میں شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کیے، شیری رحمان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دباؤ کے باوجود کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کیے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیری رحمان نے چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پر دستخط کرنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو خراج تحسین کیا۔

شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف اہم قانون سازی کا سنگ میل طے پا گیا، بل کی منظوری میں مختلف طبقوں کی مزاحمت کے باوجود کامیابی ہوئی، بل پر دستخط اصلاحات کے نئے دور کی علامت ہیں، بل کی منظوری خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قانون طویل اور مشکل جدوجہد کے بعد ممکن ہوا، نئی قانون سازی سے لڑکیوں کی تعلیم اور صحت بہتر بنانے میں مدد ملے گی، بل صرف قانون نہیں عزم ہے کہ بچیاں تعلیم اور خوشحال زندگی کا حق رکھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چائلڈ میرج پر پابندی کا قدم آنے والی نسلوں کو تحفظ، امید اور روشن مستقبل دے گا، بل کی حمایت پر پارٹی قائدین، دیگر جماعتوں، اپوزیشن اور عوام کی شکر گزار ہوں، سندھ کے بعد وفاق نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف مضبوط پیغام دے دیا، دوسرے صوبے بھی اس اہم قانون سازی کی طرف قدم بڑھائیں۔

کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل قانون بن گیا، سخت سزائیں نافذ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے جس کے تحت کم عمر بچوں کی شادی کروانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا۔

سینیٹ اورقومی اسمبلی نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل منظور کیا تھا، قومی اسمبلی میں بل شرمیلا فاروقی جبکہ سینیٹ میں شیری رحمان نے پیش کیا تھا۔

قانون کے تحت نکاح خواں ایسا نکاح نہیں پڑھائے گا جہاں فریق 18 سال سے کم عمر ہوں، خلاف ورزی پر نکاح خواں کو ایک سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ ہو سکتا ہے۔

18 سال سے بڑی عمر کے مرد کو کم عمر لڑکی سے شادی پر 3 سال تک قید بامشقت ہوگی اور کم عمری کی شادی کا علم ہونے پر اسے روکنے کا حکم دے گی۔

کم عمر بچوں کی شادی کروانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا، عدالت کیس کی کارروائی 90 روز میں مکمل کرے گی۔ 18 سال سے قبل ساتھ رہنے کو بچے سے زیادتی تصور کیا جائے گا اور کم عمر میں شادی پر مجبور کرنے والے کو 7 سال تک قید اور 10 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

بچے کی شادی کیلیے ٹریفکنگ پر 7 سال تک قید اور جرمانہ جبکہ کم عمر بچے کی شادی میں معاونت پر 3 سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں