پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر کے درمیان بات چیت ہوئی ہے جس میں تعمیری ماحول میں نقطہ نظر کا تبادلہ کیا گیا۔
جاری اعلامیہ میں وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے آئندہ چند ہفتے میں تکنیکی سطح پر تفصیلی مذاکرات پراتفاق کیا ہے اور فریقین نے مذاکرات کو جلدازجلد کامیابی سے مکمل کیے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان نے امریکا کو تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تجارتی شعبوں پر زیرو ٹیرف کے تحت معاہدہ کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کو وسعت دینا ہے جبکہ تجویز امریکی صدر کے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے جواب میں دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی پیشکش کو خوش آمدید کہا ہے، جنگ بندی کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ بہت سی تجارت کریں گے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ متعدد شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو توسیع دینا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ متعدد ممالک پر بھاری جوابی ٹیرف عائد کیا تھا۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے جوابی ٹیرف میں 90 روز کے وقفے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی ممالک امریکا کے ساتھ مذاکرات پر راضی ہیں۔