فیصل آباد میں سمندری موٹروے پر قربانی کے جانوروں سے بھری گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو بیل ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دو افراد کی جان گئی جبکہ دو زخمی ہیں، حادثے میں دو بیل بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ وہاڑی سے گاڑی پر قربانی کے 15 بیل لائے جا رہے تھے، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
عیدالضحیٰ کی آمد آمد ہے جبکہ قربانی کے جانوروں سے جڑے کئی واقعات و حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ چند روز قبل کراچی میں کیٹل فارم میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں 10 سے زائد ڈاکو باڑے سے لوکھوں مالیت کے مویشی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
کاٹھوڑ کے قریب ڈاکوؤں نے کیٹل فارم پر دھاوا بولا اور 13 بیل اور بچھیا چھین کر فرار ہوئے۔ کیٹل فارم انتظامیہ نے بتایا کہ رات 2 سے 4 کے درمیان 10 سے زائد ڈاکوؤں نے واردات کی، ملزمان کا گروہ ٹرک بھی ساتھ لایا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں اور مقدمہ درج کر رہے ہیں۔ یاد رہے گذشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار ہو گئے تھے۔