جمعہ, جون 6, 2025
اشتہار

پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف پہلے سے جاری آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کی زیرِ صدارت کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی اور ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ نادرا ایگزٹ پوائنٹس پر لائیو ڈیٹا ویری فیکشن کی سہولت فراہم کرے گا، اداروں کو مل کر ون ڈاکومنٹ سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کرنا ہوگا، غیر قانونی سپیکٹرم کے خاتمے کیلیے وفاقی و صوبائی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھکاری مافیا ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے سختی سے نمٹا جائے، گداگری کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینا ضروری ہے، بجلی چوری کی روک تھام کیلیے وزارت توانائی اور صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر 250 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہو رہے ہیں جبکہ وزارت توانائی کے حکام نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 142 ارب کی ریکوری ممکن ہوئی۔

اجلاس میں تجاوزات کے خلاف آپریشنز اور پاکستان پورٹ اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ گوادر سٹی کے سیف سٹی منصوبے اور پروٹیکشن وال سے متعلق پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ دریائے سندھ پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام پر کام ہو رہا ہے، موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر مؤثر مانیٹرنگ کیلیے انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں غیر قانونی و اسمگلڈ پیٹرول کی روک تھام کیلیے پپٹرول پمپس کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ نئے قانون کے مطابق کسٹمز، ڈی سی کو پمپ سیل کرنے اور گاڑی ضبط کرنے کا اختیار ہوگا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وزیر قانون پنجاب، مشیر اطلاعات کے پی، وزیر داخلہ جی بی، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، چاروں صوبوں، کشمیر اور جی بی کے آئی جیز و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں